جمعہ کو ویکسین لگوانے کی خصوصی تلقین کرینگے، علمائے کرام

صدر مملکت سے علمائے کرام اور مشائخ کی ملاقات

علمائے کرام اور مشائخ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو یقین دہانی کروائی ہے کہ علمائے کرام اس جمعہ کو ویکسین لگوانے کی خصوصی تلقین کریں گے۔

بدھ 2جون کو صدر عارف علوی سے علمائے کرام اور مشائخ کی کرونا ویکسین کے حوالے سے نشست ہوئی جس کے بعد علمائے کرام نے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا۔

اعلامیہ کے مطابق عوام کی جان اور صحت کی حفاظت مقاصد دین و شریعت میں سے ایک مقصد ہے۔

ماہرین کرونا کی مستقل روک تھام کے لیے ویکسین لگوانے پر زور دے رہے ہیں جبکہ علماء اور مشائخ بھی صحت کے ماہرین کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں۔ ویکسین کے استعمال کی ترغیب علما اور مشائخ کے فرائض منصبی میں سے ہے۔

علما و مشائخ نے کرونا رجسٹرڈ ویکسینز کے اجزائے ترکیبی پر اظہار اطمینان کیا۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا سے بچاؤ کے لیے عوام کو وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے مفت ویکسین لگائی جا رہی ہیں اور اس حوالے سے بیشتر شہروں میں سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں 19 سال سے زائد عمر کے افراد کو بھی ویکسین لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں