جونی لیور کے مشہور ڈائیلاگ بیٹی جیمی لیور کی زبانی

اپنے ڈائیلاگز، حرکتوں اور چہرے کے تاثرات سے دیکھنے والوں کو لوٹ پوٹ کر دینے والے بالی وڈ کے مزاحیہ اداکار جونی لیور کے بے شمار مداحوں میں ان کی بیٹی جیم لیور بھی شامل ہیں۔
32 سالہ جیمی لیور اپنے والد کے ساتھ مزاحیہ ویڈیوز بنا کر فینز کو محظوظ کرتی رہتی ہیں تاہم ایسی ہی ایک ویڈیو کی ریکارڈنگ ان کے لیے بڑی چیلنجگ ثابت ہوئی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اس بات کا ذکر جیمی لیور نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں کیا ہے۔
اگرچہ وہ ماضی میں جونی لیور کے ساتھ ویڈیوز شیئر کرتی رہی ہیں تاہم اس ویڈیو کو انہوں نے بہت مشکل قرار دیا جس میں انہوں نے جونی لیور کے ’آوارہ پاگل دیوانہ‘ فلم کے مکالمے ادا کیے۔
مزید پڑھیں
ویڈیو میں جیمی ’چھوٹا چھتری‘ کے ڈائیلاگز پر لپسنگ کرتی نظر آتی ہیں، یہ ویڈیو اس لحاظ سے بھی زیادہ سپیشل ہے کہ جونی لیور نے اس میں پاریش راول کے جملوں پر لپسنگ کی ہے۔
جیمی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’میں اس ویڈیو کو کیسے شیئر نہ کرتی جس میں عظیم جونی لیور نے پہلی بار میرے ساتھ لپسنگ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے باپو کے ڈائیلاگ بولنے دو، اور آپ میرے والے بولو، میں اس کی شوٹنگ کے دوران پریشان رہی، کیونکہ میں ان کے یا اپنے حصے کو خراب نہیں کرنا چاہتی تھی۔‘

جیمی لیور اپنے والد اور بھائی کے ساتھ ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں (فوٹو: انسٹاگرام، جیمی لیور)
اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت پسند کیا گیا اور مختلف لوگوں نے اس پر دلچسپ کمنٹس کیے۔
اداکارہ ملویکہ راج نے لکھا ’یہ پورا سین مجھے زبانی یاد ہے۔‘
بڑی تعداد میں دیگر صارفین نے بھی خیالات کا اظہار کیا اور دل کے ایموجیز کے علاوہ قہقہوں کے ایموجیز لگائے۔
ایک صارف کا کہنا تھا بہترین جوڑی، باپ اور بیٹی کی، بہت خوب‘
اس سے قبل جیمی نے اپنے بھائی جِسے لیور کے ساتھ بھی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ والد کے ساتھ ڈانس کر رہے ہیں جس کے ساتھ لکھا گیا ’دنیا بولے ڈونٹ رش، ہم بولیں ڈونٹ ٹچ‘
اس ویڈیو کو بھی صارفین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔