وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف جھوٹ بول کر، بیماری کی اداکاری کر کے لندن چلے گئے۔
اتوار کو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف جھوٹ بول کر، بالی وڈ کی ایکٹنگ کر کے بیمار بن کر باہر چلے گئے۔
’نواز شریف نے ایسی اداکاری کی کہ ہماری کابینہ کی خواتین اراکین نے ان کی شکل دیکھ کر رونا شروع کر دیا۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’جیسے ہی لندن کی ہوا لگی تو یہاں سے ایک نواز شریف گیا تھا، وہاں جا کر دوسرا نواز شریف نظر آیا۔
مزید پڑھیں
وزیراعظم نے کہا کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈالتے ہوئے یہ سوال ضرور کریں کہ جس جماعت کو ووٹ ڈال رہے ہیں اس کے رہنما صادق اور امین ہیں یا نہیں، کیا ان کا لیڈر ایسا تو نہیں ہے کہ جھوٹ بول کر ملک سے بھاگ گیا ہو؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ بھی سوال کریں کہ سیاسی جماعت کا لیڈر جھوٹا تو نہیں ہے؟
’ووٹ دیتے ہوئے دوستی، قبیلے یا برادری کا نہ سوچیں۔‘
عمران خان نے کہا کہ ملک میں عدالتیں آزاد ہیں تو پھر مسلم لیگ ن کے رہنما باہر کیوں بھاگ گئے ہیں، انہیں کس بات کا ڈر ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کو تحریک انصاف نہیں کنٹرول کرتی۔
عمران خان نے کہا کہ ’نواز شریف کے بیٹے، شہباز شریف کے بیٹے اور اسحاق ڈار بھی باہر بھاگے ہوئے ہیں۔‘

وزیراعظم عمران خان نے ضلع بھمبر میں جلسے سے خطاب کیا۔ فوٹو ٹوئٹر ایم این اے