حارث سہیل انگلینڈ کےخلاف سیریز سے باہر

فوٹو: پی سی بی

مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل ہیمسٹرنگ انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق میڈیکل پینل نے بدھ کے روز حارث سہیل کا ایم آر آئی اسکین کیا جس میں انکشاف ہوا ہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین گریڈ تھری ٹیئر کا شکار ہیں۔ وہ گزشتہ ہفتے ڈربی میں ایک پریکٹس سیشن کے دوران اس انجری کا شکار ہوئے تھے۔

پی سی بی کے میڈیکل پینل نے حارث سہیل کو چار ہفتے کا ری ہیب پروگرام تجویز کیا ہے،جسے مکمل کرنے پرمڈل آرڈر بیٹسمین کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا جائےگا۔

انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں منتخب ہونے والے حارث سہیل اب وطن واپس پہنچ کر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں اپنے ری ہیب پروگرام کا آغاز کریں گے۔

حارث سہیل کا کہنا ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی سیریز میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرکےقومی کرکٹ ٹیم میں اپنی جگہ مستقل بنانے کے منتظر تھے تاہم انجری کے باعث انہیں اپنا دورہ مختصر ہونے پر افسوس ہے مگر اب وہ  لاہور واپس پہنچ کر اپنے ری ہیب پروگرام  کاآغاز کردیں گے تاکہ خود کو ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کے لیے خود کو تیار کرسکیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کےمابین تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 8 جولائی کو کارڈف سے ہوگا۔ قومی اسکواڈ 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگا، جہاں اسے 5 ٹی20 انٹرنیشنل اور 2 ٹیسٹ میچز میں شرکت کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں