حماد اظہر کی بلاول بھٹو زرداری پر کڑی تنقید

پی پی دورمیں مہنگائی کی شرح کہیں زیادہ تھی، وزیرتوانائی

وزیر توانائی حماد اظہر نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی دور میں مہنگائی کی شرح موجودہ ساڑھے 8 فیصد سے کہیں زیادہ تھی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس آج (جمعہ) صبح پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسپیکر اسد قیصر کے زیرصدارت شروع ہوا، جس میں وزیر توانائی حماد اظہر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں تیل کی قیمتیں سب سے کم ہے، ہم نے پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی میں 2 فیصد تک کمی کی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے غربت اور بیروز گاری کے بارے میں دیئے گئے اعداد و شمار مکمل طور پر متصادم ہیں، انہوں نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین کو یاد دہانی کرائی کہ ان کے دور میں مہنگائی کی شرح موجودہ ساڑھے 8 فیصد سے کہیں زیادہ تھی۔

حماد اظہر نے کہا کہ ملکی معیشت ترقی کے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے، جس میں غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر 6 سال کی بلند ترین سطح پر ہیں اور حسابات جاریہ کا خسارہ سرپلس ہے، گندم، گنا اور مکئی کی شاندار فصل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا براہ راست فائدہ کسانوں کو پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے توانائی کے شعبے میں ادائیگیوں کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے جامع منصوبہ بنایا ہے، موجودہ حکومت نے بجلی کی تقسیم کے نظام کی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے اور اسے مزید بہتر بنانے کیلئے بجٹ میں 100 ارب روپے مختص کئے ہیں۔

متعلقہ خبریں