حکومتی فیصلہ توہین عدالت کاباضابطہ حکومتی اعتراف ہے،مریم اورنگزیب

فائل فوٹو

ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اعلان توہین عدالت کا باضابطہ حکومتی اعتراف ہے۔

ن لیگ کے صدر اور اپوزیشن رہنما شہباز شریف کا نام پیر 17 مئی کو ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے معاملے پر ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے۔ عید کے بعد پہلے ورکنگ ڈے میں عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے بجائے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کو عید کی چھٹیوں میں غریب کی یاد نہ آئی، ان کو عید کی چھٹیوں میں دفتر کھلوا کر عوام کو ریلیف دینے کی فکر نہ ہوئی، وزیراعظم کیلئے سب سے ضروری عدالتی حکم کی توہین اور شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا تھا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اپوزیشن رہنما کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جب کہ فضائی اور بحری اداروں کو بھی فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق اپوزیشن رہنما چاہیں تو 15 دن میں درخواست دائر کرسکتے ہیں، جب کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر کہنا تھا کہ باضابطہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈال کر متعلقہ ریکارڈ اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں