حکومت نے شہباز شریف کے خلاف اپیل واپس لے لی

Shehbaz-Sharif-October-5-ONLINE

فوٹو: آن لائن

وفاقی حکومت اور شہباز شریف کے درمیان معاملات طے پانے کے بعد حکومت نے شہباز شریف کے خلاف اپیل واپس لے لی۔

بدھ 2جون کو سپریم کورٹ میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے خلاف حکومتی اپیل پر سماعت ہوئی۔

شہباز شریف کی طرف سے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے عدالت کو توہین عدالت درخواست کی پیروی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس بنیاد پر حکومت نے اپنی اپیل واپس لی جس کے بعد عدالت نے کیس نمٹا دیا۔

سپریم کورٹ نے آبزرویشن دی کہ شہباز شریف کو جس انداز میں ریلیف دیا گیا وہ کسی کے لیے مثال نہیں بن سکتا اور آئندہ سے یہ طریقہ کار کسی بھی کیس میں نہیں اپنایا جائے گا۔

بیرون ملک جانے کامعاملہ،سپریم کورٹ کا شہبازشریف کونوٹس

عدالت نے دوسری آبزرویشن میں کہا کہ جس طرح شہباز شریف کے کیس میں ٹرائل کورٹ کے جج کو ہٹایا گیا اور اسکے بعد ابھی تک نیا جج نہیں لگا، اس سمیت تمام آسامیوں پر فوری تعیناتیاں کی جائیں۔

سماعت کے آغاز میں رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ نے عدالتی کارروائی کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں پیش کیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف کا کیس سسٹم کے تحت مقرر ہوا یا خاص طور پر؟ جس پر رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ نے جواب دیا کہ درخواست اعتراض کے لیے مقرر ہوئی تھی، فیصلہ ہوا کہ اعتراض پر فیصلہ درخواست کے ساتھ ہی ہوگا۔

رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے بتایا کہ جمعہ کو 9:30 پر اعتراض لگا اور 11:30 پر کیس کی سماعت ہوئی۔

شہبازشریف نے بیرون ملک جانے کے عدالتی فیصلے سے متعلق درخواست واپس لےلی

جسٹس اعجاز الاحسن نے سخت ریمارکس دیے کہ حکومتی وکیل کو ہدایات لینے کے لیے صرف 30 منٹ دیے گئے، ایک سال میں کتنے مقدمات کی جمعہ کو 12 بجے سماعت ہوئی؟ بتایا جائے کتنے مقدمات میں یکطرفہ ریلیف دیا گیا؟

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ نے یہ بھی نہیں پوچھا کہ شہباز شریف کا نام کس لسٹ میں ہے، کیا اس طرح کا عمومی حکم جاری ہو سکتا ہے جیسا لاہور ہائیکورٹ نے کیا۔

واضح رہے کہ شہباز شریف کی جانب سے 17مئی کو درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کو بیرون ملک جانے سے روک کر توہین عدالت کی گئی۔

شہباز شریف نے لاہور ہائی کورٹ میں وفاقی حکومت اور ایف آئی اے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔ ہائی کورٹ نے 7مئی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔

متعلقہ خبریں