حکومت کا کامیاب پاکستان پروگرام 29جولائی سے شروع کرنےکا فیصلہ

imran-khan

فوٹو: عمران خان/فیس بک

وفاقی حکومت نے ملک میں ’’کامیاب پاکستان‘‘ پروگرام 29جولائی سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بدھ 14جولائی کو مشیر خزانہ شوکت ترین اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب بھی شریک ہوئے۔

ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ وزیراعظم 29 جولائی کو حکومت کے فلاحی منصوبے کا آغاز کریں گے۔ مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوگی جس کی تیاریوں کا ٹاسک عثمان ڈار کو سونپ دیا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے اور کامیاب پاکستان حکومت کا فلاحی ایجنڈے پر مشتمل سب سے بڑا پروگرام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ منصوبے، اسکل ڈویلپمنٹ اور آسان قرضے کامیاب پاکستان پروگرام کا حصہ ہوں گے جبکہ ہیلتھ کارڈز اور زرعی خدمات بھی کامیاب پاکستان پروگرام میں شامل ہوں گے۔

وزیر خزانہ کے مطابق 40لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالنے کے لیے جامع پلان بنایا گیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ پروگرام کے لیے اربوں روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جبکہ 5لاکھ روپے تک بغیر سود قرضہ دیا جائے گا۔ کامیاب کسان پروگرام کے تحت کسانوں کو سود کے بغیر قرض اور کاروبار کے لیے رقم ملے گی۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت ہر خاندان میں سے ایک فرد کو ٹیکنیکل ایجوکیشن دے گی۔ منصوبے کے ذریعے ملک بھر کی عوام کو کم قیمت ہاؤسنگ اسکیم میں شامل کیا جائے گا اور مائیکرو فنانسنگ کے ذریعے نچلے طبقے کی مدد کا طریقہ کار بھی طے کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں