حکومت کا10سے 15مئی تک عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان

فوٹو: آن لائن

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن سنٹر(این سی او سی) نے 10 مئی سے 15مئی تک عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی اجلاس میں 10مئی سے 15مئی تک عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا، یوم علی، شب قدر، اعتکاف، جمعتہ الوداع کیلئے گائیڈ لائنز یکم مئی کو جاری ہونگی، ’گھر رہو محفوظ رہو‘حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائے۔

این سی او سی کا کہنا ہےکہ چاند رات کے بازاروں پر پابندی ہوگی، عید کیلئے اضافی ٹرینیں 7 مئی تک چلائی جائیں گی تاہم انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر8سے 16مئی تک مکمل پابندی رہیگی۔

این سی او سی اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ عید کی تعطیلات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

اس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن سنٹر نے ملک میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث پاکستان آنے والی مسافر پروازیں 5 سے20مئی تک کم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں 40سے 49 سال کے شہریوں کی کرونا وبا کے خلاف ویکسینیشن 3 مئی سے شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا جبکہ ملک میں آکسیجن کی پیداوار اور سپلائی سے متعلق انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔