خوشاب : پی پی 84 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی برتری

بدھ 5 مئی 2021 23:05

 پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84  خوشاب میں مسلم لیگ ن اپنی چھوڑی ہوئی نشت پر فتح کے قریب پہنچ گئی ہے۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق محمد معظم شیر کلو  کو  پی ٹی آئی کےعلی حسین خان بلوچ پر دس ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل تھی۔
پی پی 84 خوشاب میں پی ٹی آئی کے علی حسین خان، ن لیگ کے ملک معظم کلو اور پیپلز پارٹی کے غلام حبیب احمد کے علاوہ  امجد رضا، اورنگزیب، عمران حیدر خان، الیاس خان آزاد اور کالعدم جماعت کے اصغر علی بھی الیکشن میں بطور امیدوار شریک تھے۔
 حلقہ پی پی 84 کی نشست ن لیگ کے ملک وارث کلو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
مقامی میڈیا کے مطابق حلقے کے  229میں سے 221 پولنگ اسٹیشنز کا غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجہ سامنے آگیا ہے جس کے مطابق ن لیگ کے امیدوار محمد معظم شیر کلو  70431 ووٹ لےکر برتری ہے جبکہ پی ٹی آئی کےعلی حسین خان بلوچ  59777 ووٹ لےکر دوسرے نمبرپر ہیں۔
مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز نے فتح قریب دیکھتے ہوئے ٹویٹ بھی کر دیا ہے ۔ ٹویٹر پر مسلم لیگ ن کے انتخابی نشان شیر کی جف لگا کر مریم نواز نے پوچھا ” خوشاب میں کون آ رہا ہے؟”
رات گئے اپنے ایک بیان میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ خوشاب کے نتائج کی وصولی میں کسی طرح کی دشواری کا سامنا نہیں پیش آرہا۔
ان کا کہنا تھا کہ 229 پولنگ اسٹیشنز میں سے 225 پولنگ اسٹیشنز کا رزلٹ بمع پریزائیڈنگ افسران، ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچ چکا ہے اور 225 پولنگ اسٹیشنز کا پولنگ ریکارڈریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حلقہ وسیع صحرائی رقبے پر مشتمل ہونے کی بناء پر 4 پولنگ اسٹیشنز کا رزلٹ راستے میں ہے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ان 4پریزائیڈنگ افسران سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
جیسے ہی ان پولنگ اسٹیشنز کے رزلٹ موصول ہو جائیں گے، اسہی وقت نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔