خیبرپختونخوا، پنجاب میں اسی سال بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ

imran-khan

فوٹو: عمران خان/فیس بک

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اس سال خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں گے۔

اتوار 23مئی کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کو بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہدایت کی۔

آزاد کشمیر کے انتخابات کی حکمت عملی کے لیے وزیراعظم نے منگل 25مئی کو مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی کو این آراو دوں گا اور نہ ہی چھوڑوں گا جبکہ نو این آر او کی پالیسی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ حکومت جاتی ہے تو جائے کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی اسکینڈل میں جہانگیر ترین ملوث ہوئے تو انہیں بھی نہیں چھوڑوں گا اور مخالفین کے ساتھ بھی زیادتی نہیں کی تو اپنوں کے ساتھ کیوں کریں گے۔ سب کا احتساب ہوگا اور کوئی مجھے بلیک میل نہیں کرسکتا ہے، احتساب کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں مہنگائی سابق حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہے۔

کور کمیٹی اجلاس میں الیکشن کمیشن کے متنازعہ ٹویٹ کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں کور کمیٹی کے ارکان نے الیکشن کمیشن کے ٹویٹ کی شدید مذمت کی۔ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ ٹویٹ کے ذمہ دار مجرم کو نوکری سے نکالا جائے۔

پاکستان میں چینی باشندوں کے ویزے کی مدت ایک کے بجائے 2سال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔