’داسو ڈیم سے پاکستان کی صنعت کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا‘

جمعہ 18 جون 2021 12:23

دوسرے فیز کی تکمیل پر داسو ڈیم کی استعداد 4 ہزار 320 میگاواٹ ہو جائے گی۔ فوٹو: وکی میڈیا کومنز

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ داسو ڈیم کے منصوبے سے پاکستان کو صاف اور سستی بجلی ملے گی، صنعت کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں بننے والے داسو ڈیم کا جمعے کے روز دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم نے ڈیم کی سائٹ پر کام کرنے والے پاکستانی اور غیرملکی انجینئرز اور کارکنوں کو خوش آمدید کہا اور مشکل کام سرانجام دینے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹنل کے اندر کام کرنے کا حوصلہ چاہیے، اس مشکل کام پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ داسو ڈیم کا منصوبہ مکمل ہونے پر پاکستان کو صاف اور سستی بجلی میسر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کام پہلے کرنا چاہیے تھا، عوام کو بھی آسانی ہوتی، مہنگی بجلی سے ہر شعبے میں مہنگائی ہوتی ہے۔ 
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی صنعت پچاس سال پہلے بہت تیزی سے اوپر جا رہی تھی، اس کی وجہ یہی تھی کہ تربیلا اور منگلا ڈیم سے سستی بجلی میسر تھی۔
انہوں نے کہا کہ سستی بجلی میسر ہونے سے صنعت کو فروغ ملے گا اور مستقبل میں مہنگائی کم ہوگی۔
حکومت پاکستان کے ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ داسو منصوبے کے تحت نہ صرف سستی بجلی فراہم  ہوگی بلکہ خیبرپختونخوا کے دور دراز علاقوں میں سماجی اور معاشی ترقی کے نئے دور کی شروعات ہوگی۔
داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 4320 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا حامل ہے۔ ڈیم کا پہلا فیز 2025 میں مکمل ہونے پر نیشنل گرڈ میں دو ہزار 160 میگا واٹ بجلی کی فراہمی شروع ہو گی۔
جبکہ دوسرا فیز 2029 میں مکمل ہونے کے بعد ڈیم کی استعداد 4 ہزار 320 میگاواٹ ہو جائے گی۔