دسویں، بارہویں جماعت کےامتحانات جون میں ہونگے، شفقت محمود

فوٹو: آن لائن

حکومت نے رواں سال کسی بھی طالبعلم کو بغیر امتحانات اگلی کلاس میں پروموٹ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام کلاسز کے امتحانات ہرصورت لیے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات جون کے تیسرے ہفتے میں لیےجائیں گے۔

رزلٹ تاخیر سے ہونے کی صورت میں جامعات پروویژنل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر داخلے دیں گی جبکہ موسم گرما کی تعطیلات محدود ہوں گی جس سے متعلق فیصلے صوبے کریں گے۔

اجلاس میں تمام وفاقی و صوبائی اساتذہ، نگران عملے اور دیگر انتظامی اسٹاف کی بروقت ویکسینیشن  یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ این سی او سی نے کرونا کے 5 فیصد سے کم والے علاقوں میں تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دی ہے جبکہ 5 فیصد سے زائد کیسز رکھنے والے علاقوں کے حوالے سے فیصلہ 3 جون کو کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ سندھ بھر میں کرونا کیسز میں اضافے کے باعث تعلیمی ادارے بند ہیں اور سندھ حکومت نے کرونا کی پابندیوں میں بھی 2 ہفتوں تک توسیع کردی ہے۔