دنیا میں کورونا کیسز کی تعداد 15 کروڑ سے تجاوز، انڈیا میں صورتحال تشویشناک

جمعہ 30 اپریل 2021 7:43

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد 15 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ انڈیا میں وبا کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں اب تک 31 لاکھ 62 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ 
مزید پڑھیں
دوسری جانب انڈیا میں کورونا وائرس کے یومیہ تین لاکھ 70 ہزار کیسز کی تصدیق کی جارہی ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں تین ہزار 600 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر جمعے کو امریکہ کی جانب سے انڈیا میں امداد کی پہلی کھیپ پہنچی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق سپر گیلکسی نامی فوجی طیارے میں 400 آکسیجن سیلنڈر، دیگر طبی سامان اور 10 لاکھ فوری ٹیسٹ کرنے کے کٹس نئی دہلی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے۔
یہ کھیپ امریکی صدر جو بائیڈن اور انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کے مابین رواں ہفتے ہونے والی بات چیت کے بعد امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ٹریوس ملٹری بیس سے روانہ کی گئی۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا جمعرات کا کہنا تھا کہ ’انڈیا میں ہمارے ساتھیوں کی فوری مدد کرنے کے لیے امریکہ 100 ملین ڈالر کا سامان آنے والے دنوں میں پہنچائے گا۔‘
امریکی افسران کا کہنا تھا کہ کمپنیوں اور لوگوں کی جانب سے عطیہ کیے گئے سامان کو انڈیا پہنچانے کا سلسلہ اگلے ہفتے تک جاری رہے گا۔
انڈیا کی کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مدد کرنے بین الاقوامی امداد کا سلسلہ وسیع پیمانے پر شروع کیا گیا ہے۔
جاپان نے جمعے کو 300 آکسیجن کانسینٹریٹرز اور 300 وینٹی لیٹرز انڈیا پہنچانے کا اعلان کیا ہے۔
جاپان کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ، ‘جاپان اپنے دوست اور ساتھی انڈیا کے ساتھ اس کی کووڈ-19 کی وبا کے خلاف لڑائی میں اضافی ایمرجنسی امداد کے ذریعے کھڑا ہے۔’