راولپنڈی: خاتون سے پرس چھیننے والا ملزم گرفتار

راولپنڈی میں خاتون سے زبردستی پرس چھیننے اور گرانے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا، پولیس پر فائرنگ کی کوشش کے دوران خود کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔

راولپنڈی کے علاقے تھانہ ریس کورس کی حدود میں ڈھوک چوہدریاں میں صبح کے وقت پیش آنیوالی جرم کی واردات کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگئی تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل نوجوان راہ چلتی خاتون سے زبردستی پرس چھینتا ہے، اس دوران خاتون بری طرح زمین پر گرتی ہے۔

انتہائی ظالمانہ انداز سے کئی گئی واردات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی، جس میں خاتون سے پرس چھینتے اور انہیں زمین پر گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

متاثرہ خاتون کے بھائی نے واقعے کا مقدمہ ریس کورس تھانے میں درج کرایا، جس کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی۔

راولپنڈی پولیس نے ٹویٹر پر جاری پیغام میں بتایا کہ خاتون سے پرس چھیننے ولے ملزم انیس اقبال کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سی پی او محمد احسن یونس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دوران گرفتاری ملزم نے پولیس پر فائر کرنے کی کوشش کی، اس دوران ملزم کو اپنے ہی پستول سے دائیں کلائی پر گولی لگ گئی۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار کی جانب سے چھینے گئے خاتون کے پرس میں 2 ہزار روپے نقدی، شناختی کارڈ اور دستاویزات تھیں۔

متعلقہ خبریں