راولپنڈی میں نوجوان پر تشدد کی ویڈیو وائرل، مرکزی ملزم گرفتار

ہفتہ 17 جولائی 2021 22:35

ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ شخص کی شناخت نعمان کے نام سے ہوئی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

راولپنڈی میں تھانہ مندرہ کی حدود میں نوجوان پر تشدد کی وائرل ویڈیو کیس میں پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر نوجوان پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں کئی افراد ایک لڑکے کو رسیوں سے باندھ کر گھما رہے ہیں اور ان پر تشدد کر رہے ہیں۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق سی پی او نے ویڈیو کا نوٹس لیا جس کے بعد واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ مندرہ میں درج کیا گیا۔
مزید پڑھیں
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ شخص کی شناخت نعمان کے نام سے ہوئی ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ لڑکے کو حبس بے جا میں رکھا گیا اور ان پر تشدد کیا گیا۔ تشدد میں آٹھ افراد ملوث ہیں۔
ملزمان کی جانب سے نوجوان کو زبردستی گندے نالے کا پانی بھی پلایا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ افراد ایک نوجوان کو رسی پہنا کر زبردستی گھما رہے ہے اور ان پر تشدد کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ اتوار کو پیش آیا تھا۔ مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔