راولپنڈی ٹیسٹ:انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری، تین کھلاڑی آؤٹ

انگلینڈ نے چوتے روز اپنی دوسری اننگز 264 رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی (فوٹو: کرک انفو)

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پانچویں روز پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں پیر کو پاکستانی بلے بازوں نے آغاز پچھلے روز بننے والے 48 رنز سے کیا تھا تھوڑی دیر بعد ہی امام اللہ 48 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی بال پر آؤٹ ہوئے۔
اس وقت پاکستان کی جانب سے سعود شکیل اور محمد رضوان کریز پر موجود ہیں اور پاکستان کا مجموعی سکور 100 سے بڑھ چکا ہے۔
مزید پڑھیں

چوتھا روز

اتوار کو انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا تھا اور چائے کے وقفے پر اپنی دوسری اننگز 264 رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی جب کہ اس کی تین وکٹیں باقی تھیں، اس طرح انگلینڈ کو مجموعی طور 342 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔

پاکستان کی بیٹنگ

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہیں رہا تھا۔ عبداللہ شفیق چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جن کی وکٹ روبنسن نے لی۔ اسی اوور میں نئے آنے والے بلے بارز اظہر علی ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہو گئے اور انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔ 
بابر اعظم بھی ناکام رہے اور صرف چار رنز بنا سکے۔ انہیں بین سٹوکس نے آؤٹ کیا۔ 

پہلی اننگز میں سینچری بنانے والے بابر اعظم چوتھے روز صرف چار رنز بنا پائے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

انگلینڈ کی دوسری اننگز میں بھی جارحانہ بیٹنگ

انگلینڈ کی دوسری اننگز میں ہیری بروک 87 اور جیک کرالی 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، محمد علی اور زاہد محمود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ سلمان آغا کو ملی۔ 
دوسری اننگز کے آغاز میں انگلینڈ کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب نسیم شاہ نے بین ڈکٹ کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ انگلینڈ کی دوسری وکٹ 36 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد علی نے اولی پوپ کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے 15 رنز بنائے۔ 
پہلی اننگز میں سینچری بنانے والے زیک کرالی نے دوسری اننگز میں بھی عمدہ بیٹنگ کی اور 50 رنز بنا کر محمد علی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ 
جو روٹ نے 73 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی اور زاہد محمود کی وکٹ بنے۔ اسی اوور میں زاہد محمود نے بین سٹوکس کو صفر پر آؤٹ کیا۔ 
ہیری بروک نے 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، نسیم شاہ نے انہیں بولڈ کیا۔ 

پاکستان کی پہلی اننگز

اس سے قبل پاکستانی کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ 
میچ  کے چوتھے روز پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز کے ساتھ اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تھا اور اس کی پوری ٹیم 579 رنز بنا سکی تھی۔ 
اس طرح انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 78 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔ 
پاکستان کی جانب سے تین سینچریاں سکور کی گئیں، بابر اعظم 136، امام الحق 121 اور عبداللہ شفیق 114 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سلمان آغا نے بھی نصف سینچری بناتے ہوئے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

انگلینڈ کی بولنگ

انگلینڈ کی جانب سے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ول جیکس کامیاب ترین بولر رہے اور انہوں نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ جیل لیچ نے دو جبکہ اولی روبنسن اور جیمز اینڈرسن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ 
اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 657 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئی جس میں چار سینچریز بھی شامل تھیں، جو بین ڈکٹ، زیک کرالی، اولی پوپ اور ہیری بروک نے بنائیں۔
جاری میچ میں اب تک سات سینچریز سکور ہو چکی ہیں۔ 
انگلینڈ کی ٹیم 17 برس بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے آئی ہے۔
ٹیسٹ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ملتان اور تیسرا کراچی میں شیڈول ہے۔