
فائل فوٹو
امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ راکٹ حملوں پر اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، تاہم حملوں میں انسانی جانوں کے نقصان کو بچایا جائے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک بار پھر اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے کہا کہ اسرائیل کو دفاع کا حق حاصل ہے۔
وائٹ ہاوس کے مطابق امریکی صدر نے جنگ بندی پر بھی زور دیا ہے۔ وائٹ ہاوس سے جاری بیان میں صدر بائیڈن کے جنگ بندی پر اظہار خیال پر اسرائیلی وزیر اعظم کے جواب کے متعلق کوئی بات نہیں کہی گئی ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے گفتگو کے دوران مصر اور دیگر پارٹنرز کے ساتھ امریکی انگیجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی فوجی آپریشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب امریکی سینیٹرز کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں امریکی سینیٹ کے 28 اراکین نے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
سینیٹرز نے کہا ہے اسرائیل اور فلسطینی علاقوں میں مزید ہلاکتوں کی روک تھام کیلئے فوری جنگ بندی کی جائے۔ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور امریکی صدر کے بیان پر خاتون رکن کانگریس الہان عمر نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے سیز فائر کی حمایت میں تاخیر سے جانوں کا ضیاع ہوا۔
واضح رہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے اسرائیل کو اسلحہ دینے کی منظوری دی ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن انتظامیہ نے 735 ملین ڈالر کا مخصوص اسلحہ اسرائیل کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
متعلقہ خبریں