رحمان ملک پیپلزپارٹی کے سینیٹ امیدواروں کی فہرست سے باہر

Rehman Malik

فوٹو: آن لائن

سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کا نام پیپلزپارٹی کے سینیٹ امیدواروں کی فہرست سے خارج کر دیا گیا۔

پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق رحمان ملک کے علاوہ پارٹی کے ایک اور رہنماء اظفر بخاری کا نام بھی آخری لمحات میں فہرست سے خارج کر دیا گیا۔

پارٹی ذرائع نے سماء ٹی وی کو بتایا کہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبروں کی جانب سے ان کے نامزدگیوں پر اعتراض کرنے کے بعد یہ نام نکال دیے گئے۔

رحمان ملک کو مسلسل تیسری مرتبہ نامزد کیا گیا تھا جبکہ اظفر بخاری کی نامزدگی کی مخالفت پی ٹی آئی کی قیادت اور اسٹیبلشمنٹ سے قریبی تعلقات کی وجہ سے کی گئی۔

پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ نے سندھ سے جنرل سیٹس پر انتخابات کے لیے جام مہتاب ڈہر، تاج حیدر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان اور شہادت اعوان کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔

ٹیکنوکریٹ کوٹہ پر پارٹی نے فاروق ایچ نائک اور ڈاکٹر کریم خواجہ کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے پلوشہ خان، خیر النساء اور رخسانہ شاہ کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔

اظفر بخاری نے تصدیق کرتے ہوئے سماء ٹی وی کو بتایا کہ انہوں نے سینیٹ کے ٹکٹ کے لیے درخواست دی تھی جسے پارٹی نے مسترد کر دیا۔