رنویر سنگھ کے لمبے بال اور سونے کا زیور، ’لو آگیا میم مٹیریل‘

بدھ 30 جون 2021 12:51

رنویر سنگھ ٹرولنگ کی پرواہ کیے بغیر پھر سے کسی نئے روپ میں آ کر لوگوں کو حیران کر دیتے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)

بالی وڈ کے ’رام‘ رنویر سنگھ اپنے چلبلے انداز اور انوکھے فیشن سٹائل کی وجہ سے انڈسٹری میں ایک الگ پہچان رکھتے ہیں، ایوارڈ فنکشن ہو یا کوئی اور تقریب رنویر کی ڈریسنگ سب کو اپنی جانب متوجہ کر لیتی ہے۔ اس دلچسپ فیشن کی وجہ سے انہیں سوشل میڈیا پر اکثر ٹرول بھی کیا جاتا ہے لیکن وہ ٹرولنگ کی پرواہ کیے بغیر پھر کسی نئے روپ میں آ کر لوگوں کو حیران کر دیتے ہیں۔
مزید پڑھیں
اب کی بار بھی ایسا ہی کچھ ہوا جب ’بے فکرے‘ اداکار نے کچھ تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیں جس میں وہ نیلے رنگ کے ٹریک سوٹ میں نظر آ رہے ہیں اور ہاتھ میں بیگ اٹھا رکھا ہے۔
لمبے بال، سونے کی بڑی سی مالا  اور سر پر سرخ ہیٹ پہنے رنویر سنگھ کی تصویر نے پھر سے صارفین کو ٹرولنگ کا موقع دے دیا۔
تصویر کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’الیسینڈرو، میرے پیارے۔‘
ان تصاویر کے ساتھ انہوں نے مشہور برانڈ گوچی کا ہیش ٹیگ بھی دیا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ تصاویر دراصل اس برینڈ کے لیے کیے گئے فوٹوشوٹ کی ہیں۔
رنویر سنگھ کی اس تصویر پر بالی وڈ کی ’ببلی گرل‘ عالیہ بھٹ نے پسندیدگی کا اظہار کیا جبکہ موسیقار ہمیش ریشمیا نے اسے ’تاریخی انداز‘ کہا۔ ارجن کپور نے ان کا ہالی وڈ اداکار جیرڈ لیٹو کے ساتھ موازنہ کیا تو فیشن ڈیزائنر سیمون کھمباٹا نے لکھا ’ہارڈ، ہارڈر، ہارڈیسٹ اور پھر آتے ہیں رنویر۔‘
ایک صارف نے لکھا ’لو میم مٹیریل آ گیا۔‘

راہل سنگھ نامی صارف نے تبصرہ کیا کہ’دیپکا پریشان نہیں ہوتی یہ سب دیکھ کے۔‘

ایک صارف نے لکھا کہ ’لو گہنے بھہی چرا لیے اب دیپکا کے۔‘
کسی نے تبصرہ کیا کہ رنویر نے اپنی اہلیہ دیپکا پاڈوکون کے کپڑے پہن لیے ہیں۔