روالپنڈی: پرندوں کیلئے ریڈی میڈ گھونسلوں کا انتظام

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کا احسن اقدام

راولپنڈی میں اب پرندوں کو تنکا تنکا جوڑ کر اپنے لیے گھر بنانے کی ضرورت نہیں ہوگی کیوں کہ متعلقہ ادارے نے ان کے لیے ریڈی میڈ گھونسلوں کا انتظام کردیا ہے۔

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے بے گھر پرندوں کی مشکل آسان کرتے ہوئے ان کے لیے لکڑی کے رنگ برنگے گھونسلے تیار کیے ہیں۔

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے ان گھونسلوں کو شہر میں مختلف کھمبوں اور درختوں پر نصب کیا ہے جبکہ اس کے علاوہ پرندوں کے ان آشیانوں کی سیکورٹی یعنی حفاظت و دیکھ بھال کا ذمہ بھی لے لیا ہے۔ بات صرف یہں تک نہیں بلکہ پرندوں کے قیام و سیکورٹی کے اہتمام کے ساتھ ساتھ ان کے تعام یعنی دانے پانی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر پارٹی کلچر پی ایچ اے شیخ طارق نے سماء کو بتایا کہ جو عملہ پارک میں کام کر رہا ہے اس کی ڈیوٹی ہوگی کہ جہاں نیسٹنگ ہے وہاں دانہ پانی ڈالیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسٹاف کو اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ گھونسلوں کو کسی نقصان کی صورت میں اتھارٹی کے حکام کو مطلع کریں۔

دوسری جانب راولپنڈی کے شہریوں نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے اس احسن اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حسین پرندوں کے ان دلکش بسیروں کا سب کو خیال رکھنا چاہیے۔

ایک شہری کا کہنا تھا کہ حکومت کے علاوہ ہماری بھی یہ زمہ داری بنتی ہے کہ ہم ان پرندوں اور ان کے کھانے پینے کا ان کا خیال رکھیں۔

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے مطابق فی الحال ان برڈ ہاؤسز کی تنصیب کی ابتداء 50 گھونسلوں سے کی گئی ہے لیکن اس منصوبے کو بتدریج وسعت بھی دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں