وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنے ایک ویڈیو میں کہا ہے کہ ’پاکستان میں 10 کروڑ افراد ویکسین لگوانے کے اہل ہیں۔ اس سال کے آخر تک سات کروڑ لوگوں کو ویکسین لگانا چاہتے ہیں۔‘
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا ویکسین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت اب تک ویکسین کی تین کروڑ خوراکیں خریدنے کے معاہدے کر چکی ہے۔‘
’ان میں سے تقریباً 90 فیصد خوراکیں خرید کر لائی جائیں گی جبکہ جون تک ویکسین کی ایک کروڑ 90 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔‘
مزید پڑھیں
انہوں نے ویکسینیشن مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’پاکستان کی کل آبادی 22 کروڑ ہے جس میں سے 25 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔‘
ویکسین کی عدم دستیابی کے حوالے سے معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ ’ایسٹرازینیکا اور موڈرنا جیسی بڑی کمپنیوں کو بھی ویکسین کی طلب پوری کرنے میں مشکل ہو رہی ہے جبکہ ویکسین کی کمی کی وجہ سے آسٹریلیا اور کینیڈا جیسے امیر ممالک نے اپنی ویکسینیشن مہم سست کر دی ہے۔‘
’وہ ممالک جو خود ویکسین تیار کرتے ہیں انہوں نے بھی اس کی برآمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔‘
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ کین سائنو کی پاکستان میں فلنگ شروع ہونے والی ہے (فوٹو: روئٹرز)