رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 10 جولائی کو ہوگا

فائل فوٹو

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 10 جولائی بروز ہفتہ کو کراچی میں ہوگا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں کمیٹی چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں ہوگا۔ اجلاس میں محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس کے حکام بھی شریک ہونگے۔

زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی متعلقہ دفاتر میں ایک ہی روز منعقد کیے جائیں گے۔ اجلاس میں چاند نظر آنے سے متعلق موصول شہادتوں کی روشنی میں چاند کی رویت کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چاند کی رویت سے متعلق محکمہ موسمیات نے 10 جولائی کو چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ظاہر کیے ہیں۔ تاہم چاند نظر آنے کی صورت میں یکم ذی الحج 11 جولائی اور عید الاضحی 20 جولائی کو اور چاند نظر نہ آنے کی صورت میں یکم ذی الحج 12 جولائی اور عیدالاضحی 21 جولائی کو ہونے کا امکان ہے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق قوی امکان ہے کہ عید الفطر کی طرح پاکستان میں عید الاضحیٰ بھی خلیجی ممالک کے ساتھ ہی منائی جائے گی۔ پاکستان میں یکم ذی الحج 11 جولائی جبکہ عید الاضحیٰ 20 جولائی کو ہونے کا امکان ہے، جبکہ خلیجی ممالک میں بھی اسی تاریخ کو عید قربان کی آمد کی پیشن گوئی کی جا چکی۔

ماہرین فلکیات کے مطابق سعودی عرب میں یوم عرفہ 19 جولائی بروز پیر کو ہونے کا امکان ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں شوال کے 30 ایام کے بعد ذوالقعدۃ کے مہینے کا آغاز ہوا۔ عمومی طور پر یکے بعد دیگرے 2 اسلامی ماہ 30 ایام کے نہیں ہوتے۔ اس لیے قوی امکان ہے کہ ذوالقعدۃ کا مہینہ 29 ایام پر مشتمل ہوگا اور ذی الحج کے مبارک ماہ کا آغاز 11 جولائی سے ہوگا۔

متعلقہ خبریں