سانس لینے میں دشواری، دلیپ کمار پھر اسپتال داخل

برصغیر کے معروف اداکار دلیپ کمار کو ایک بار پھر ممبئی کے ہندوجا اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے، انہیں سانس لینے میں دشواری پیش آرہی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 98 سالہ لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کو 6 جون کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے تقریباً 2 ہفتے بعد منگل کو انہیں ’احتیاطاً‘ دوبارہ ہندوجا ہسپتال داخل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دلیپ کمار کو کل دن میں سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے داخل کیا گیا، ان کے خاندان کے افراد نے ان کی عمر اور حال ہی میں ان کے اسپتال داخل ہونے کی وجہ سے فیصلہ کیا کہ انہیں احتیاطاً اسپتال لے جایا جائے، وہ بہتر ہیں اور انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ڈاکٹرز کی زیر نگرانی ہیں۔

اداکار دلیپ کمار کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر 11 جون کو ان کے منیجر نے لکھا تھا کہ آپ لوگوں کی محبت اور دعاؤں سے دلیپ صاحب اسپتال سے گھر جارہے ہیں۔

دلیپ کمار کے معالج ڈاکٹر جلیل پارکر کا کہنا ہے کہ لیجنڈ اداکار کی صحت اب بہتر ہے، ان کا آکسیجن سیچوریشن بھی بہتر ہوا اور سانس لینے میں دشواری بھی کم ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں