سردار فاروق امان اللہ دریشک کی ڈگریوں کا ریکارڈ طلب،اسلام آبادہائیکورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سردار فاروق امان اللہ دریشک کی ڈگریوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

بدھ  کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں رکن صوبائی اسمبلی پنجاب سردار فاروق امان اللہ دریشک کی نااہلی کیس کی سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی۔درخواست گزار شہری شیر دل گورچانی کی جانب سے وکیل یعقوب مستوئی عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل نے بتایا کہ سردار فاروق امان اللہ نے کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی اور کاغذات نامزدگی میں اپنی تعلیم بی اے ایل ایل بی بتائی۔ وکیل یعقوب مستوئی نے درخواست کی کہ عدالت سردار فاروق امان اللہ دریشک کو غلط بیانی پر نااہل قرار دے۔ درخواست میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی،الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سردار فاروق عامر کو ابھی نوٹس نہیں کررہے ہیں اور پہلے ڈگریوں کا ریکارڈ منگوا لیتے ہیں۔عدالت نے کیس کی سماعت 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں