سعودی سفیر کی چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات، باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق

ہفتہ 27 فروری 2021 13:10

ملاقات میں ٹیکس اور کسٹمز کے شعبہ میں باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ فوٹو ٹوئٹر ایف بی آر

پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے چیئر مین ایف بی آر محمد جاوید غنی سے ملاقات میں  کسٹمز اور ٹیکس سے متعلق باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق اسلام آباد میں ایف بی آر کے ہیڈکوارٹر میں سنیچر کو ہونے والی اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ٹیکس اور کسٹمز کے شعبہ میں باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
ایف بی آر ترجمان کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کسٹمز اور ٹیکس سے متعلق باہمی تعلقات پر تعاون کو فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے، اور دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے  ایک دوسرے کے بہترین تجربات کو اپنائیں گے۔
چئیرمین ایف بی آر نے سعودی سفیر کو ایف بی آر کی طرف سے ریونیو میں اضافہ اور  ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
سعودی سفیر نے ایف بی آر کا رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ہدف سے زائد ریوینو اکھٹا کرنے پر چیئرمین ایف بی آر کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ ایف بی آر سال کا مقر ر کردہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔