
فوٹو: پی ٹی آئی
سمندری طوفان تاؤتے گجرات سے ٹکرا گیا، کيرالہ، کرناٹکا، تامل ناڈو اور مہاراشٹرا میں تباہی مچ گئی، بارشوں سے کئی گھر گرگئے، اب تک 24 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں، کئی لاپتہ بھی ہيں، لاکھوں بے گھر ہوگئے۔
انیس سو اٹھانوے کے بعد خطے کو متاثر کرنیوالا سب سے مضبوط سمندری طوفان تاؤتے بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرا گيا، ہر طرف تباہی پھيل گئی، درخت اکھڑ گئے، متعدد مکانات کی سمینٹ شیڈ اور چھتیں اڑ گئیں، سیکڑوں گاڑیاں اور سڑکیں تباہ ہوگئیں۔
بھارت میں مختلف حادثات میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ 100 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد تاؤتے کی شدت میں کمی واقع ہوگئی ہے۔ بحیرہ عرب میں بارگے پی 305 نامی جہاز ڈوبنے سے 80 افراد لاپتہ ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق کرونا سے متاثرہ بھارت کی کئی ریاستوں میں تاؤتے طوفان کے باعث 190 کلو ميٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائيں چل رہی ہيں، 2 لاکھ سے زائد افراد کو گھر بار چھوڑنا پڑا۔
بارشوں سے ممبئی کی گلياں اور سڑکيں پانی سے بھر گئیں، کیرالہ، کرناٹک، گووا اور مہاراشٹر میں تیز بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے، کئی گھر گرگئے، مدھيا پرديش ميں اسپتال کی چھت ٹپکنے لگی ہے۔