’سندھ حکومت سابق اولمپیئن نوید عالم کا مکمل علاج کروائے گی‘

جمعہ 9 جولائی 2021 15:30

شوکت خانم میں ڈاکٹرز نے نوید عالم کے علاج کے لیے 40 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا ہے۔ (فوٹو: بشکریہ مبشر عالم):

سندھ حکومت نے کینسر میں مبتلا سابق اولمپیئن نوید عالم کے مکمل علاج کے لیے شوکت خانم ہسپتال کی انتظامیہ کو خط لکھ دیا ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے جمعے کو کہا کہ ’ہسپتال انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ نوید عالم کے علاج پر جتنا بھی خرچہ ہوگا وہ سندھ حکومت ادا کرے گی۔‘
مزید پڑھیں
خیال رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کھلاڑی اور ہیڈ کوچ رہنے والے نوید عالم کی بیماری سے متعلق خبریں سوشل میڈیا پر زیر گردش رہیں۔ ان خبروں کے مطابق نوید عالم کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔
اس حوالے سے اردو نیوز نے ان کے بھائی مبشر عالم سے رابطہ کیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ ’چند روز قبل اولمپیئن نوید عالم کی طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد شوکت خانم ہسپتال لے جانے پر بلڈ کینسر کی تشخیص ہوئی۔
مبشر عالم کا کہنا تھا کہ ’شوکت خانم میں ڈاکٹرز نے علاج کے لیے 40 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا ہے۔ گھر والے یہ اخراجات برداشت نہیں کر سکتے اس لیے حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ مدد کرے۔‘
اولمپیئن نوید عالم کی بیٹی حاجرہ نوید نے بھی وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے اپنے والد کے علاج میں مدد کی اپیل کی تھی۔
حاجرہ نوید کا کہنا تھا کہ ’بابا نے پاکستان کو 94 کا ورلڈ کپ جتوایا، علاج میں مدد کی ضرورت ہے۔‘