
فوٹو : آن لائن
سندھ میں کرونا ایس او پیز کے تحت سرکاری دفاتر، کاروبار کیلئے نئی ہدایات جاری کردی گئیں۔ سرکاری دفاتر کےاوقات کار معمول کے مطابق جبکہ کاروبار صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک کھلیں گے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹيفيکشن جاری کردیا۔
سندھ میں عید الفطر گزرنے کے ساتھ ہی سرکاری دفاتر اور کاروبار کیلئے کرونا ایس او پیز کے تحت نئی ہدایات جاری کردی گئیں۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب مارکیٹوں اور بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں صبح 6 سے شام 8 تک جاری رہیں گی، ہفتہ اور اتوار کو سیف ڈیز کے طور پر کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی، ریسٹورنٹس میں انڈور سروس کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری رات 12 بجے تک جاری رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں کروناوائرس کی تیسری لہر کے باعث تفریحی پارکس، سنیما اور مزارات مکمل طور پر بند رہیں گے، شادی بیاہ کی انڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر بھی پابندی ہوگی، سماجی، سیاسی، ثقافتی، کھیلوں، میوزیکل اور مذہبی تقریبات کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق سرکاری دفاتر کے اوقات معمول کے مطابق کردیئے گئے ہیں، دفاتر میں ملازمین کی حاضری 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کردی گئی، تمام دفاتر اور کام کی جگہ پر ماسک اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔
محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کا اطلاق 31 مئی 2021ء تک جاری رہے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس سے مزید 23 مریض انتقال کر گئے جبکہ 719 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، وباء کے دوران مجموعی طور پر 7 ہزار 824 افراد انتقال کرچکے جبکہ 18 ہزار 330 فعال کیسز موجود ہیں۔