سندھ کی صوبائی ٹاسک فورس نے کرونا وائرس سے متعلق پابندیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعرات کو کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیرِصدارت صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ وزیراعلی سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سختی کرنے سے کیسز کی شرح کم ہوئی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عوام کے تعاون سے کرونا کے پھیلاؤ کو روک سکیں گے۔بدھ کو صوبے میں 24 اموات رپورٹ ہوئی ہیں اور یہ پریشان کن ہے۔
انھوں نے بتایا کہ کراچی کے کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ 34 فیصد ہے۔ حیدرآباد چار اعشاریہ 42 فیصد اور دیگر اضلاع تین اعشاریہ 3 فیصد ہیں۔ 20 مئی کو کراچی میں بارہ اعشاریہ 86 فیصد، حیدرآباد میں گیارہ فیصد شرح تھی۔ ضلع شرقی 17، وسطی 10، جنوبی 13،غربی 10 اور ملیر میں 8 فیصد کیسز ہیں۔
عید کے بعد مئی کی 15 سے 21 تاریخ تک کیسز آٹھ اعشاریہ 63 فیصد تھے۔اس دوران اموات ایک اعشاریہ 18 فیصد تھیں۔ عید کے بعد دوسرے ہفتےمیں 22 مئی سے 26 مئی تک چھ اعشاریہ 8فیصد تھی اور اموات کی شرح صفر اعشاریہ 9 فیصد رہی ۔ سندھ میں صرف مئی میں 307 مریض انتقال کرگئے۔
Owing to recent restrictions imposed by #SindhGovt positivity ratio is starting to reduce. During last 24 hours, positivity ratio in Khi & Hyd has come down to 8.34% & 4.42%. However 24 people also lost their lives due to #COVID19. Little more cooperation & vaccination is needed
— Murtaza Wahab Siddiqui (@murtazawahab1) May 27, 2021
ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے بھی کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر ٹوئٹ کرتےہوئے شہریوں سے مزید تعاون جاری رکھنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ہر فرد ویکسنیشن کرا کر اپنی ذمہ داری ادا کرے۔
پاکستان میں کرونا ویکسینیشن کے لیے 19 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن آج سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کے مطابق اس اقدام سے ملک بھر میں طبی ماہرین کی جانب سے ویکسینیشن کے لیے مقررہ آبادی کی رجسٹریشن ممکن ہوجائے گی۔
جمعرات کو این سی او سی نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ پنجاب اور سندھ میں 24، 24 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ خیبرپختونخوا میں 19 اموات، بلوچستان میں 2، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں 3، 3 مریضوں کا وائرس کے باعث انتقال ہوا۔ ملک میں کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد 20 ہزار 540 ہو گئی ہے۔
متعلقہ خبریں