سندھ میں کل سے پری مون سون بارشوں کاامکان،محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کیلئے خوشخبری سنادی، 18 اور 19 جون کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کرديا، سندھ میں پری مون سون بارشيں کل (16 جون) سے شروع ہونگی۔

محکمہ موسمیات نے سکھر، لاڑکانہ اور شکارپور سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں 16 اور 17 جون سے پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے حيدرآباد ميں بھی آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،  سندھ اور جنوبی و وسطی بلوچستان میں موسم شدید گرم رہا۔

میٹ آفس کے مطابق سب سے زیادہ بارش خانیوال 54، راولپنڈی (شمس آباد 36، چکلالہ 19)، ڈی جی خان 33، اسلام آباد (سٹی 22، سیدپور 18، بوکڑہ 7، گولڑہ 6)، بہاولنگر 24، ملتان (سٹی 43، ایئر پورٹ 26)، بہاولپور (ایئر پورٹ 15، سٹی 11) ساہیوال 7، ٹوبہ ٹیک سنگھ 6، مری 4، بھکر 2، لیہ میں ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

کشمیر میں راولاکوٹ 20، کوٹلی 8، مظفر آباد(ایئر پورٹ 7، سٹی 3)، گڑھی دوپٹہ 3 جبکہ خیبر پختونخوا میں ڈی آئی خان 28، بالاکوٹ 7، کاکول 2، سیدو شریف، بنوں 3، مالم جبہ 2 اور گلگت بلتستان میں بگروٹ 2 اور استور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بدھ کو کشمیر، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں سبی 47، دادو، شہید بے نظیر آباد اور جیکب آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ خبریں