سندھ کا کل سے انٹر ڈسٹرکٹ بس ٹرانسپورٹ پر پابندی کا فیصلہ

Karachi Transport

فوٹو: آن لائن

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کل بروز جمعہ 30 اپریل سے صوبے بھر میں انٹر ڈسٹرکٹ بس ٹرانسپورٹ پر پابندی کا اعلان کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت کرونا وائرس ٹاسک فورس کا اہم اجلاس آج بروز جمعرات 29 اپریل کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس خطاب میں وزیراعلیٰ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صورت حال اچھی نہیں، ہمیں سخت اقدامات کرنے ہونگے۔

اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاروبار کی ٹائمنگ صبح 6 سے شام 6 بجے تک یقینی بنائیں۔ مکمل لاک ڈاؤن سے بچنا ہے تو ایس او پیز پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا۔ کچھ نجی دفاتر ایس او پیز اور اسٹاف کم کرنے کے فیصلے پر عمل نہیں کررہے ہیں۔

اجلاس میں کل سے انٹر ڈسٹرکٹ بس ٹرانسپورٹ پر پابندی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انٹر سٹی بس ٹرانسپورٹ پر سختی سےعمل کروانے کی ہدایت دی اور کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کا سندھ کے کسی ضلع میں داخلہ منع ہے۔ کسی صوبے سے کوئی مسافر گاڑی آبھی گئی تو واپس جانے نہ دیں۔

اجلاس سے خطاب میں حکام نے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس عملے کو ترجیحی بنیادوں پر کوویڈ ویکسین لگانا شروع کردی گئی ہے۔ پولیس کی ویکسینیشن کیلئے 4مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ پولیس کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کوویڈ ویکسین لگائی جائے گی۔