سٹیزن پورٹل پر2 بہنوں کی درخواست،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکیخلاف انکوائری کاحکم

فائل فوٹو

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر 2 بیوہ بہنوں کی دُہائی کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راول پنڈی کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعظم نے چیف سیکریٹری پنجاب کو 31 مئی تک انکوائری رپورٹ اور راول پنڈی ڈویژن کے تمام ریونیو افسران کی کارکردگی کی جانچ پڑتال اور رپورٹ دینے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی ہدایت پر پی ایم ڈیلیوری یونٹ نے کارکردگی جانچ پڑتال کا مراسلہ جاری کردیا۔

مراسلے میں کہا گیا کہ وزیراعظم آفس کا حکم ہے کہ اعلیٰ افسران اپنے ماتحت افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیں، راولپنڈی کے سرکاری افسران کی کارکردگی رپورٹ جلد وزیراعظم آفس بھیجنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

سرکاری افسران کے عوامی شکایات سے متعلق ڈیش بورڈز کی جانچ پڑتال کی جائے، افسران عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کریں، غلط بیانی پر متعلقہ افسران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دونوں بیوہ بہنوں نے عمران خان کو پورٹل پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی شکایت کی تھی کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے بغیر مؤقف جانے ہماری شکایت خارج کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راول پنڈی کی جانب سے سائلین پر شکایت واپس لینے کیلئے دباو ڈالا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں