سیاسی، عسکری قیادت کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، ملکی اور علاقائی صورتحال پر غور

پیر 24 مئی 2021 16:10

وزیر اعظم نے آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا (فوٹو وزیراعظم آفس)

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزرا کے ہمراہ آئی ایس آئی سیکریٹریٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں علاقائی اور ملکی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
پیر کو وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے وزیراعظم جب وزرا کے ساتھ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز پہنچے تو ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ان کا استقبال کیا۔
بیان کے مطابق ’اجلاس میں اعلی قومی اور عسکری قیادت کو علاقائی اور ملکی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجر کے خلاف آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔‘
وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر اطلاعات و نشریات فواد احمد چوہدری اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی تھے۔
اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر بھی آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔