سینیٹ الیکشن: ’ووٹ چوری کا بدلہ، جمہوریت بہترین انتقام ہے‘

بدھ 3 مارچ 2021 17:39

مریم نواز نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’یوسف رضا گیلانی کو دلی مبارکباد، پی ڈی ایم کو بھی مبارکباد‘ (فوٹو: اے ایف پی)

سینیٹ الیکشن کے غیرمتوقع نتیجے کے بعد جہاں کچھ لوگ سکتے میں ہیں تو کچھ جشن منا رہے ہیں جن میں پی ڈی ایم میں شامل دو بڑی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت بھی حصہ ڈال رہی ہے۔
مزید پڑھیں
سینیٹ انتخابات کا نتیجہ سامنے آنے اور پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار سید یوسف رضا گیلانی کی جیت کے اعلان کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ کرتے ہوئے اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کا مشہور قول دہرایا کہ ’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘۔
ٹویٹ کے آخر میں انہوں نے ’جیے بھٹو‘ کا نعرہ بھی لگایا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی دو ٹویٹس کیں، جن میں خوشی کا اظہار کیا گیا تھا۔ پہلی ٹویٹ میں مریم نواز نے لکھا کہ ’یوسف رضا گیلانی کو دلی مبارکباد، پی ڈی ایم کو بھی مبارکباد، مسلم لیگ ن کے ممبران قومی اسمبلی کو بھی مبارکباد اور شاباش‘
انہوں نے مزید لکھا ’نواز شریف کے فیصلے اور بیانیے کا مان رکھا اور جھکنے اور بکنے سے انکار کر دیا۔ شاباش مسلم لیگ ن! مستقبل آپ کا ہے، انشااللہ‘
ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز کی جانب سے لکھا گیا ’2018 کی ووٹ چوری کا بدلہ ڈسکہ کے عوام نے لے لیا اور چیئرمین سینیٹ الیکشن چھینے جانے کا بدلہ آج عوامی نمائندوں نے لے لیا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ عوام اور ان کے نمائندوں نے ڈرنے سے انکار کر دیا، جعل سازی اب نہیں چل سکتی۔‘
سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں یوسف رضا گیلانی صاحب کو سینیٹ انتخابات میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘