’سینیٹ میں اوپن یا سیکرٹ بیلٹ دونوں طریقوں کے لیے تیاری کر لی‘

اتوار 28 فروری 2021 16:59

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے حکومت کو ہر میدان اور محاذ پر چیلنج کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سینیٹ الیکشن کے لیے دونوں طریقوں یعنی اوپن یا سیکرٹ بیلٹ کی تیاری کر لی ہے۔
اتوار کو اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے حکومت کو ہر میدان اور محاذ پر چیلنج کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’سینیٹ الیکشن سے پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پارلیمان بھی پی ڈی ایم کے ساتھ ہے۔ سینیٹ الیکشن سےیہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ حکومتی اراکین بھی حکومت کے ساتھ نہیں۔‘
مزید پڑھیں
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’امید ہےسینیٹ الیکشن میں ہمارےامیدوار سرپرائزنگ نتائج لائیں گے۔ اس کٹھ پتلی حکومت اور وزیراعظم کو گھر بھیجیں گے۔‘
جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ فضل الرحمن نے کہا کہ  ’ملک بھر میں پی ڈی ایم عوام کے حقوق کے لیے، مہنگائی کے خلاف اور بدامنی کے حوالے سے عوام کی تنہا آواز ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایسےحکمرانوں سےجان چھڑانا عوام کی خدمت ہوگی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سینیٹ انتخابات کے بعد سربراہی اجلاس ہوگا، مستقبل کی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔ پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں تحریک کا نام ہے۔‘
جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’اخلاقی طور پر کوشش کرتے ہیں انتخابات میں ایک دوسرے کے ووٹ نہ کاٹیں۔‘

ایم کیو ایم حفیظ شیخ کو ووٹ دے گی: شیخ رشید

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید  نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سینیٹ انتخابات میں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو ووٹ دے گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم اپنا احتجاج دو چار دن آگے لے جائے، اگر اپوزیشن قانون ہاتھ میں نہیں لے گی تو اُن کیلئے کوئی رُکاوٹ نہیں ہوگی۔
وزیر داخلہ نے تحریک انصاف میں پھوٹ سے متعلق خبروں کی تردید کی، انہوں نے کہا کہ پارٹی میں کوئی پھوٹ نہیں ہے اور اگر کوئی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ غداری کرتا ہے اس کا سیاسی سفر نامہ ختم ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کی جانب سے سینیٹ میں اوپن بیلٹ کے معاملے میں رائے سنائی جائے گی، کل عدالت کا عظیم فیصلہ آنے والا ہے جس کے بعد آپ سے تفصیلی بات کروں گا۔