سینیٹ ووٹ کیلئے یوسف رضا گیلانی کا وزیراعظم کو خط

YOUSUF RAZA GILANI

یوسف رضا گیلانی 17فروری کو الیکشن کمیشن میں سماعت کے بعد واپس جاتے ہوئے۔ فوٹو: آن لائن

پی ڈی ایم اسلام آباد کے سینیٹ کے لیے مشترکہ امیدوار يوسف رضا گيلانی نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر سینیٹ ووٹ مانگ لیا۔

وزیراعظم کو خط میں یوسف رضا گیلانی نے لکھا کہ سیاسی نظریاتی اختلافات جمہوریت کا حسن ہے لیکن آج ہمیں یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے لکھا کہ پارلیمان کے تقدس اور وقار کے لیے اکٹھے ہونا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔ انتخابات سے قبل پنجاب میں تمام سینیٹرز بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ دیگر صوبوں میں بھی بلا مقابلہ سینیٹرز منتخب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد کی سینیٹ نشست کے لیے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ہیں جبکہ حکومت کے امیدوار وزیر خزانہ حفیظ شیخ ہیں۔

یکم مارچ کو سپریم کورٹ نے سینیٹ الیکشن پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات آئین اور قانون کے تحت ہی ہوں گے۔ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے نہیں کرائے جا سکتے جبکہ کیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

عدالت عظمی کے لارجر بینچ میں 4-1 کی اکثریت سے فیصلہ سنایا گیا جبکہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے رائے سے اختلاف کیا۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے محفوظ رائے پڑھ کر سنائی۔