شام میں امریکی فضائیہ کی بمباری، متعدد جنگجو ہلاک

ایران نے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا

شام میں امریکا کے جنگی طیاروں نے ایران کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد جنگجو ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

 شام کے مشرقی علاقے دیر الزور میں امریکی فضائیہ نے ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں مسلح گروہ کے 17 جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے امریکی فضائی حملوں میں مسلح ملیشیا کے 17 جنگجوؤں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ عراق میں امریکی تنصیبات اور سفارت خانے پر حملوں کے جواب میں امریکی صدر جوبائیڈن نے ان حملوں کی اجازت دی تھی۔

پینٹا گون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی حملوں میں جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور اسلحہ ڈپو تباہ کیے گئے ہیں۔

ایران نے بھی تاحال شام میں امریکی حملوں پر ردعمل نہیں دیا ہے۔

متعلقہ خبریں