شاہد آفریدی کمر کی انجری کے باعث پی ایس ایل 6 سے باہر

پیر 24 مئی 2021 16:52

شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں مایوسی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کررہے. (فوٹو: کرک انفو)

ملتان سلطانز کے سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کمر کی انجری کے باعث پاکستان سپر لیگ 6 سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شاہد آفریدی ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں ملتان سلطانز کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے کراچی میں ٹریننگ کررہے تھے جہاں انہوں نے اپنی کمر کے نچلے حصے میں درد محسوس کی۔ ڈاکٹرز نے ان کی انجری کا جائزہ لینے کے بعد انہیں کچھ ہفتوں کے لیے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
مزید پڑھیں
شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ 6 کے چار میچز میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی۔ ان کی جگہ آصف آفریدی کو ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
شاہد  آفریدی نے کہا ہے  کہ انہوں نے پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کے لیے ٹریننگ کے دوران کمر کے نچلے حصے میں درد اٹھنے پر ڈاکٹر سے رجوع کیا۔ ’بدقسمتی سے امجھے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے،جس کی وجہ سے میں لیگ میں ملتان سلطانز کو جوائن نہیں کرسکوں گا۔‘
شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں مایوسی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کررہے تاہم ان کی تمام تر نیک تمنائیں ملتان سلطانز کے ساتھ ہیں۔
دوسری طرف عمر امین اور برینڈن کنگ  اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے ہیں، جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کا 20 رکنی اسکواڈ مکمل ہوگیا ہے۔
پشاور زلمی نے افغانستان کے حضرات اللہ زازائی، ثمین گل اور خالد عثمان کو بحثیت ریزرو کرکٹرز اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔