شاہ محمود قریشی کی ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات

فائل فوٹو

ترکی میں موجود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے اہم ملاقات ہوئی۔

ترکی سے جاری اطلاعات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ ترکی کے دوران ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورت حال سمیت اہم موضوعات پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات انتالیا ڈپلومیسی فورم اجلاس کے دوران ہوئی۔

ملاقات میں پاک ایران وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں ایران اور پاکستان کے تعلقات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرحد پر مارکیٹس اور اضافی سرحدی گزر گاہیں کھولنے سے عوامی رابطوں کو فروغ ملے گا۔ ایرانی ہم منصب نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک ایران سرحد کھولنے پر بھی اتفاق کیا۔

متعلقہ خبریں