شمالی وزیرستان: سرحدپار افغانستان سے دہشتگردوں کی فائرنگ، 2سپاہی شہید

PAKISTAN-UNREST-NORTHWEST-WAZIRISTAN

فوٹو: اے ایف پی

شمالی وزیرستان کے علاقے دواتوئی میں فوجی چوکی پر سرحد پار افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو سپاہی شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جوانوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا لیکن فائرنگ کے تبادلے میں دو سپاہی حوالدار سلیم اور لانس نائیک پرویز شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان مسلسل افغانستان سے اپنے علاقے میں موثر بارڈر کنٹرول کا کہتا آ رہا ہے۔ پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی سرگرمیوِں کے لیے افغان سر زمین کے مسلسل استعمال کی پاکستان سخت مذمت کرتا ہے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے شمالی وزیرستان میں سرحدپار سے چیک پوسٹ پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کی واردات افسوس ناک ہے اور سرحد پار سے دہشت گردی کی کارروائیوں کو ختم ہونا چاہیے۔

وزیر داخلہ کے مطابق پاک افواج کی وطن کی سلامتی کی خاطر قربانیاں لازوال ہیں جبکہ پاکستان اپنے بارڈرز کو مزید محفوظ اور مضبوط بنائے گا۔