شمالی وزیرستان: پولیس فائرنگ سے 2 طلباء زخمی

شمالی وزیرستان کے تحصیل میرعلی میں گورنمنٹ ڈگری کالج میرعلی میں انٹر کے امتحانی ہال کے باہر پولیس کی فائرنگ سے دو طلباء زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گورنمنٹ ڈگری کالج میرعلی کے باہر پولیس نے ہال کی سیکیورٹی کے دوران غیرمتعلقہ افراد کو کالج سے نکلنے کے لیے کہا جس پر طلباء اور پولیس اہلکاروں کے مابین پہلے تلخ کلامی اور پھر ہاتھا پائی ہوئی۔
ہاتھا پائی کے دوران پولیس نے طلباء پر فائرنگ کی جس سے دو طلباء فاتح الدین اور محمد قاسم زخمی ہوئے۔
زخمی طلباء کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال لیجایا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت تسلی بخش ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس افیسر شمالی وزیرستان شفیع اللہ گنڈا پور کا کہنا ہے کہ معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جو بھی قصوروار پایا گیا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
فائرنگ کے بعد امتحانی ہال کے باہر شدید بدنظمی اور بھگدڑ مچ گئی اور امتحان دینے والے طلباء بھی خوف وہراس کا شکار ہو گئے۔

متعلقہ خبریں