شہباز شریف کے پاس پارٹی کا کنٹرول نہیں،فواد

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے پاس ن لیگ کا کنٹرول نہیں، انہیں فیصلے کیلئے کسی کا کندھا چاہیے۔ سندھ میں جمہوریت کے نام پر آمریت ہے، فضل الرحمان چاہتے ہیں سسٹم نہ چلے، اپوزیشن عمران خان کو نہیں ہراسکتی۔

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ میں آرئیکل 140 اے کا عملدرآمد کرانا لازم ہو گیا ہے، جو پیسہ بھی سندھ کے حوالے کیا، وہ دبئی سے برآمد ہوتا ہے، کبھی لانچوں کے ذریعے تو کبھی جعلی اکاؤنٹس سے پیسہ باہر بھیجا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی، انتخابی اصلاحات پر پارلیمنٹ سے ہٹ کر گفتگو نہیں ہو سکتی، ن لیگ کا کنٹرول شہباز شریف کے پاس نہیں ہے۔

وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں شفاف الیکشن کے لئے اصلاحات کرناچاہتے ہیں، وہ کرکٹ میں بھی نیوٹرل ایمپائر لے کر آئے تھے۔ اپوزیشن والے ایک طرف تو ووٹ کو عزت دینے کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف ووٹرز کو ٹھوکریں مارتے ہیں، اپوزیشن بھی انتخابی اصلاحات سے متعلق تجاویز دے۔

فواد چوہدری کے مطابق اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، سندھ کےسب سے بڑے دشمن سندھ پر راج کر رہے ہیں، یہ ضروری ہے کہ جو پیسہ سندھ کو دیں اس کی مانیٹرنگ کی جائے۔ پانی خود چوری کر رہے ہیں، الزام وفاق، پنجاب پر لگایا جا رہا ہے۔ ارسا نےعملی اقدام شروع کیے تو مراد علی شاہ جوتے چھوڑ کر بھاگ گئے۔

وزیر اطلاعات نے سوال اٹھایا کہ زرداری، فریال تالپور، مرادعلی شاہ کی زمینوں کا پانی چوری کیوں نہیں ہوتا۔

متعلقہ خبریں