شیخ رشید کو سندھ میں بڑھتے جرائم کا جائزہ لینےکی ہدایت

فوٹو: آن لائن

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو سندھ کی صورتحال پر حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے یہ ہدایت گورنر سندھ عمران اسماعیل اور اسد عمر سے ملاقات کے بعد وزیر داخلہ کو جاری کی۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم کو سندھ میں بدانتظامی اور خصوصاً امن و امان اور بڑھتے ہوئے جرائم پر اپنی شدید تشویش سے آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دونوں رہنماؤں کے فراہم کردہ معلومات کے بعد وزیر داخلہ شیخ رشید کو ہدایت کی ہے کہ وہ سندھ کا دورہ کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مل کراس صورتحال پر حکمت عملی طے کریں۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے وزیر داخلہ شیخ رشید دورہ سندھ کے بعد اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کریں گے۔