عازمین حج کے ناموں کا اعلان کل ہوگا

Hajj 2021

فوٹو: اے ایف پی

حج درخواستوں کی وصولی 23جون کو بند کر دی گئی جس کے بعد ناموں کا اعلان کل کیا جائے گا۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق عازمین حج کے ناموں کا اعلان قرعہ اندازی کے ذریعہ نہیں بلکہ اہلیت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

حج و عمرہ پورٹل کے ذریعے 5لاکھ 58ہزار افراد نے حج درخواستیں جمع کرائی ہیں اور ہر درخواست کا الگ جائزہ لیا جائے گا۔

جمعہ 25جون کو پاکستانی وقت کے مطابق 2بجے سے حج پیکیجز کی بکنگ شروع ہو جائے گی۔

اس سے قبل سعودی حکومت کی وزارت حج و عمرہ نے15 جون کو حج کی درخواستوں کے لیے لنک جاری کیا اور صرف 24 گھنٹے کے اندر وہاں ساڑھے 4 لاکھ درخواستیں موصول ہوگئی تھیں۔

سعودی حکومت نے رواں سال حج کرنے والوں کےلیے کرونا ویکسینیشن لازمی قرار دی ہے جبکہ 60ہزار مقامی افراد کو حج کرنے کی اجازت ہوگی۔

سعودی عرب نے رواں سال 14 جون کو خواتین کو محرم کے بغیر حج کی درخواست دینے کی اجازت دی تھی۔