عباسی شہیداسپتال کے کروناایمرجنسی وارڈ میں بیڈزکی تعداد بڑھادی گئی

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ عباسی شہید اسپتال کے کوویڈ۔19 ایمرجنسی وارڈ میں مزید 25 بیڈز اور مانیٹرز کے اضافے کے بعد وارڈز میں بیڈز کی تعداد 82 ہوگئی ہے، کوویڈ وارڈ کو فعال بنانے میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی مدد اور تعاون قابل ستائش ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو عباسی شہید اسپتال میں جے ڈی سی کی جانب سے فراہم کئے گئے 25 نئے مانیٹرز اور 500 پی پی کٹس سمیت دیگر طبی آلات کی فراہمی کے موقع پر گفتگو کرتے  ہوئے کیا، اس موقع پر جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان، سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ میڈیکل سروسز عبدالحمید جمانی، ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر ندیم راجپوت، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر ندیم آصف، ڈائریکٹر عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر ایم نادر خان، سابق سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اس وقت شہر میں کرونا وائرس کی بدترین صورتحال اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ فکر انگیز ہونے کے ساتھ ساتھ تشویشناک بھی ہے، شہریوں کو اداروں اور ماہرین طب کی ضرورت ہے اور جو افراد کوویڈ وارڈ میں فرائض انجام دیں گے انہیں ہر ممکن مراعات فراہم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عباسی شہید اسپتال میں موجود ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل عملہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ کوویڈ کے مریضوں کی دیکھ بھال کرے گا اور ہر ممکن کوشش ہوگی کہ عباسی شہید اسپتال میں آنے والے کوویڈ سے متاثرہ مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو واپس جائیں، عباسی شہید اسپتال میں ٹراما سینٹر، ایمرجنسی وارڈ اور دیگر طبی سہولیات بھی جاری رہیں گی، کے ایم سی کے شعبہ طب سے وابستہ افراد یہاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

لئیق احمد نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں کوویڈ۔19 کے ٹیسٹ کرنے اور ویکسین لگانے کا عمل بھی جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر شہری ان خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا ہے کہ بعض شرپسند عناصر امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جن کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور ضرورت پڑی تو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بھی عباسی شہید اسپتال میں امن و امان قائم کرنے کیلئے کہا جائے گا، اس کیلئے محکمہ داخلہ کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خط لکھا جاچکا ہے۔

لئیق احمد نے بعدازاں عباسی شہید اسپتال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں کوویڈ وارڈ میں فراہم کی جانیوالی سہولیات اور مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسپتال میں پانی کے مسئلے کیلئے ڈپٹی کمشنر وسطی طٰحہٰ سلیم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ خدمت خلق کے جذبے کے تحت ٹینکرز کے ذریعے اسپتال کو پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائیں گے، کوویڈ وارڈ میں ادویات اور سرجیکل سامان کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور کوشش کی جائے گی کہ مریضوں کے لواحقین پر کسی قسم کا مالی بوجھ نہ پڑے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا ہے کہ یہ مشکل وقت ہے اور غریب و متوسط طبقے کیلئے یہ اسپتال امید کی کرن ہے لہٰذا بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گی، مریضوں کے لواحقین کیلئے گراؤنڈ فلور پر انفارمیشن سینٹر بنایا جائے تاکہ مریضوں کی صحت سے متعلق مکمل معلومات انہیں فراہم کی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں