عراق میں امریکی فوجیوں کے زیر استعمال ایئر بیس پر 14 راکٹوں سے حملے میں 2 فوجی زخمی ہوگئے۔ امریکی فوج کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ راکٹ ایئر بیس اور اس کی حدود میں گرے۔
رپورٹ کے مطابق عراق کے مغربی صوبہ الانبار میں واقع عین الاسد بیس پر بدھ کے روز 14 راکٹ داغے گئے، حملے میں 2 امریکی فوجیوں سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔ عراق کا یہ فوجی اڈا امریکی اور بین الاقوامی افواج کے زیراستعمال ہے۔
عراق میں امریکا کی قیادت میں بین الاقوامی فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل وین ماروٹو نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ آج (بدھ کو) مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 35 منٹ پر عین الاسد ایئر بیس پر 14راکٹ گرے، حملے کے وقت حفاظتی دفاعی اقدامات کو فعال کردیا گیا تھا، ہنوز اس حملے میں 2 فوجیوں سمیت 3 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں اوراس سے ہونیوالے نقصانات کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔
Update: 100 % accountability at Ain Al-Assad Air Base after rocket attack. Two personnel sustained minor injuries. Damage still be assessed. More details will be provided when become available.
— OIR Spokesman Col. Wayne Marotto (@OIRSpox) July 7, 2021
فوری طور پر کسی گروپ نے اس راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق الانبار میں اس راکٹ باری سے چندے قبل عراق کے شمالی شہر اربیل کے ہوائی اڈے کو بارود سے لدے ایک ڈرون سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ کرد سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے میں ہوائی اڈے پر واقع امریکی بیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
متعلقہ خبریں