پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم پاکستان کو ایک خط میں اپیل کی ہے کہ وہ وفاقی وزرا اور دیگر حکومتی عہدے داروں کو الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی پابندی کرنے کا تحریری حکم جاری کریں۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے وزیراعظم عمران خان کے نام اپنے خط میں لکھا کہ ’آزادکشمیر میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لیے سب سیاسی جماعتوں ، ان کے حامیوں اور پولنگ سٹاف کو الیکشن کے کوڈ آف کنڈکٹ 2021 کی پابندی کو یقینی بنانا ہو گا۔‘
خط میں لکھا ہے کہ ’الیکشن مہم کے دوران ووٹرز کی آزادانہ رائے کو متاثر کرنے کے لیے کسی بھی قسم کےمالیاتی یا ترقیاتی پیکج کے اعلانات قطعی ممنوع ہیں۔‘
خط پر آٹھ جولائی کی تاریخ درج ہے۔
مزید پڑھیں
یہ خط بدھ کی شام وفاقی وزیر امور کشمیرعلی امین گنڈا پور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لکھا گیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ علی امین گنڈا پور ڈڈیال (ایل اے ون) میں تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری اظہر صادق کے جلسے کے دوران لوگوں میں نقد رقم بانٹ رہے ہیں۔
ویڈیو میں ایک شخص کو رقم تھماتے ہوئے علی امین گنڈا پور یہ کہتے سنائی دیتے ہیں کہ ’میں آپ کو یہ پیسے دے رہا ہوں ، فی الحال اتنا گزارا کر لیں۔‘
یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حریف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے سخت ردعمل دیتے ہوئے وفاقی حکومت پر الیکشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف وزری کا الزام لگایا تھا۔

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 25 جولائی کو ہو رہے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)