عمران خان اگلےانتخابات میں بھی ہمارے امیدوار ہونگے،شیخ رشید

فوٹو: آن لائن

وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان 5 سال پورے کرکے اگلے انتخابات میں بھی وزارت اعظمیٰ کے لیے ہمارے امیدوار ہونگے۔

ہفتے کو وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے آزاد کشمیر انتخابات کی انتخابی مہم کے سلسلے میں راول پنڈی میں ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔ انھوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی جماعت کیلئے ووٹ مانگ رہے ہیں  اور کشمیر میں حکومت بنائیں گے۔ انھوں نے پیش گوئی کی کہ آزاد کشمیر الیکشن کے بعد اپوزیشن حکومت کے تعلقات ٹھیک ہوں گے۔

شیخ رشید احمد نے بتایا کہ اس ماہ راول پنڈی کے وقارالنسا کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیں گے اور راولپنڈی پنجاب کا واحد ضلع ہوگا جہاں 3 یونیورسٹیاں ہوں گی۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ نالہ لائی منصوبہ 3 سال میں مکمل ہورہا ہے اور غریب لوگوں کی تقدیر بدلی جارہی ہے۔

سیاست سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ایک دفعہ نہیں بلکہ بلاول بھٹو 3 دفعہ بھی کہیں چلے جائیں لیکن عمران خان 5 سال پورے کریں گے اور اگلے انتخابات کے لیے بھی ہمارے امیدوار ہونگے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد پی ڈی ایم ختم ہوچکا ہے۔

پڑوسی ملک سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پاکستان امن کا خواہش مند ہے اور جو افغانستان کے لوگ فیصلہ کریں گے وہ پاکستان کوقبول ہوگا تاہم اپنی سرزمین کو کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید خود امن کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان سے اس وقت تک کوئی بات نہیں ہوگی جب تک 5 اگست کا قانون واپس نہیں لیا جاتا ہے۔ آزاد کشمیر کا کیس عمران خان نے اقوام متحدہ سمیت دنیا بھرمیں اٹھایا ہے۔