عمران خان کی آج دوسری مبینہ آڈیو لیک، اسد عمر اور شیریں مزاری کے ساتھ ’بیانیے‘ پر گفتگو

سائفر کے حوالے سے اس سے قبل بھی عمران خان کی دو آڈیوز سامنے آ چکی ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی امریکی سائفر کے حوالے سے ایک اور مبینہ آڈیو لیک ہو گئی ہے۔
جمعے کی شام کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں اسد عمر کہتے ہیں کہ ’ایک اور چیز ہے ہائنڈ سائیٹ میں، جو اب ہم کر رہے ہیں نا لیٹر والا، یہ ذرا ہفتہ 10 دن پہلے شروع کر دینا چاہیے تھا۔‘
مزید پڑھیں
جواب میں عمران خان کہتے ہیں کہ ’اس لیٹر کا بہت بڑا یعنی جو ہم سوچ رہے ہیں نا اس کا ساری دنیا کے اندر ایک ایمپیکٹ چلا گیا ہے۔‘
درمیان میں سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیرین مزاری کہتی ہیں کہ ’چین نے باضابطہ بیان جاری کیا ہے جس میں امریکہ کی ہماری اندرونی معاملات میں مداخلت کی مذمت کی ہے۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی مزید کہتے ہیں کہ ’حکمت عملی تو یہ ہے کہ عوام ہمارے ساتھ بیٹھے ہیں، اب عوام کے پریشر سے ہم چاہتے ہیں کہ اتوار کو پریشر اتنا بڑھ جائے کہ جو بھی اسمبلی میں جائے ووٹ دینے کے لیے (تحریک عدم اعتماد میں) وہ برانڈڈ فار لائف ہو (یعنی تاحیات اس پر ٹھپہ لگ جائے)۔‘
’لیکن جو آپ نے آج برینڈ کرنا ہے میر جعفر اور میر صادق کو۔ آپ نے لوگوں کو سپون فیڈ کرنا ہے، اس وقت اتنی زرخیز زمین بنی ہوئی ہے کہ آپ ان کو فیڈ کریں گے۔‘
واضح رہے کہ سائفر کے حوالے سے اس سے قبل بھی عمران خان کی دو آڈیوز سامنے آ چکی ہیں۔ تاہم ان آڈیوز کے حوالے سے ابھی تک کوئی مستند ذریعہ سامنے نہیں آیا ہے اور یہ ’انڈی بیل‘ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے لیک کی جا رہی ہیں۔

جمعے کو ہی عمران خان کی ایک اور مبینہ آڈیو لیک سامنے آئی تھی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
قبل ازیں جمعے کو ہی عمران خان کی ایک اور مبینہ آڈیو لیک سامنے آئی تھی جس میں  تحریک عدم اعتماد سے چند دن پہلے پانچ ایم این ایز کے خریدنے کی بات کر رہے ہیں۔
تاہم پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اردو نیوز کو آڈیو لیک کے معاملے پر موقف دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ واضح طور پر کٹ اینڈ پیسٹ آڈیو ہے۔ اور جو کٹس ہیں ان کی آواز بھی واضح ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’حکومت کے سٹریٹیجک میڈیا سیل کو اس طرح کے بچگانہ کام پر لات مار کر نکال دینا چاہیے۔‘
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے  بھی اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آڈیو لیک کے بارے میں کہا کہ آڈیو کے ٹکرے جوڑ کر یہ آڈیو  بنائی گئی ہے۔
آڈیو میں عمران خان کی آواز میں کہا جا رہا ہے کہ ’اب انہیں بڑی غلط فہمی ہو گئی ہے کہ جناب اب نمبر گیم پوری ہے۔ یہ نمبر ایسا ہے نہیں۔ ایسا مت سوچیں کہ گیم ختم ہو گئی ہے۔‘
آڈیو کے مطابق ’کیونکہ اب سے لے کر 48 گھنٹے بہت لمبا عرصہ ہے اس میں بڑی چیزیں ہو رہی ہیں۔ میں اپنی طرف سے کئی چالیں چل رہا ہوں جو ہم پبلک نہیں کر سکتے۔ پانچ (ایم این ایز) تو میں خرید رہا ہوں ناں میرے پاس ہیں پانچ۔ میسج دے دیا ہے کہ جو پانچ ہیں نا وہ بڑے اہم ہیں اور اس کو کہیں کہ وہ ہمیں پانچ اور لے دے نا۔ تو اگر دس ہو جائیں تو گیم ہمارے ہاتھ میں ہے۔‘
لیک کی گئی آڈیو میں عمران خان کی آواز کہہ رہی ہے کہ ’اس وقت قوم الارم ہوئی ہے یعنی ہر طبقے کے لوگ چاہ رہے ہیں کسی طرح ہم جیت جائیں تو اس لیے کوئی فکر نہ کریں کہ یہ ٹھیک ہے یا غلط ہے کوئی بھی حربہ ہو ایک، ایک بھی اگر کوئی توڑ دیتا ہے نا تو اس سے بھی بڑا فرق پڑے گا۔‘